اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی، جس میں ملکی سلامتی اور سیکورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ایم ہاؤس میں ہونے والی اہم ملاقات میں شہباز شریف نے جنرل سید عاصم منیر کو سپہ سالار کا منصب سنبھالنے پر مبارک دی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کے آرمی چیف بننے پر قوم خوش ہے، عوام اور فوج کے درمیان اعتماد اور محبت کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ جیسے قابل افسر کی قیادت ادارے کی پیشہ ورانہ ترقی کو مزید بہتر بنانے میں اہم ثابت ہوگی۔ علاوہ ازیں ملاقات میں آرمی کے پیشہ ورانہ اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ آرمی چیف کا منصب سنبھالنے کے بعد جنرل سید عاصم منیر کی وزیراعظم سے یہ پہلی ملاقات تھی۔