لاہور: ن لیگ نے پنجاب اسمبلی کے اپنے تمام ارکان اور دیگر رہنماؤں کو فوری طور پر صوبائی دارالحکومت لاہور پہنچنے اور وہیں قیام کی ہدایت کردی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پنجاب اور پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کے بیان کے بعد اس معاملے پر مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں نے مشاورت شروع کرنے کے ساتھ عملی طور پر سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کے اپنے تمام اراکین کو فوری طور پر لاہور پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق لیگی ارکان اسمبلی کو کہا گیا ہے کہ وہ رہنماؤں اور پارٹی قیادت سے مکمل رابطے میں رہیں اور تاحکم ثانی کوشش کریں کہ لاہور ہی میں قیام کرلیں۔ دریں اثنا پارٹی قیادت کی جانب سے لیگی عہدے داروں کو اتحادی جماعتوں کے اراکین و رہنماؤں سے بھی اس سلسلے میں رابطے میں رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے متحدہ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے آزاد اراکین سے بھی لاہور پہنچنے کی اپیل کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو تمام ارکان کو کسی ایک ہوٹل میں اکٹھا قیام کرنے کی ہدایت بھی کی جا سکتی ہے۔