پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز میں ایک دن تاخیر، پہلا میچ جمعہ کو ہوگا

283
cricket series

راولپنڈی: پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز ایک دن تاخیر کا شکار ہوگئی، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ اب جمعہ کے روز کھیلا جائے گا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) کا کہنا ہے کہ مہمان انگلش ٹیم کے بیشتر کھلاڑیوں کے وائرل انفیکشن سے متاثر ہونے کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ ایک دن کے لیے مؤخر کردیا گیا ہے، جس کے بعد سیریز کا پہلا میچ اب جمعہ کے روز ہوگا۔

پاکستان اور انگلش کرکٹ بورڈز کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کیمپ میں وائرل انفیکشن پھیلنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی اتفاق سے دونوں ٹیموں کے درمیان جمعرات کے روز شیڈول ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ جمعہ کے روز تک مؤخر کردیا گیا ہے۔

پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ جمعے کے روز سے شروع ہو گا۔ یہ فیصلہ انگلینڈ کے ڈاکٹروں کی جانب سے کھلاڑیوں کے طبی معائنے کی بنیاد پر کیا گیا کیوں کہ انگلینڈ کے کھلاڑی جمعرات کی صبح میدان میں اترنے کے لیے طبی طور پر تیار نہیں ہیں۔

پی سی بی کے مطابق ملتان میں دوسرے اور کراچی میں تیسرے ٹیسٹ کا شیڈول کے مطابق ہو گا جو  بالترتیب 9-13 اور 17-21 دسمبر کو کھیلا جائے گا جب کہ ٹکٹ خریدنے والوں کے لیے مزید معلومات جمعرات کی صبح شیئر کی جائیں گی۔