کیا قائداعظم کا فرمان تھا کہ توشہ خانے میں ڈاکے ڈالیں؟ مریم اورنگزیب

253
rights of journalists

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی سیاست بچانے کیلیے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا فرمان استعمال کیا۔

 مریم اورنگزیب نے آرمی چیف کو مبارک باد دینے سے متعلق عمران خان کے بیان میں قائداعظم کے فرمان کا حوالہ دینے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنی سیاست بچانے کے لیے قائداعظم کے فرمان کا استعمال نہ کریں۔

وفاقی وزیر  نے سابق وزیراعظم سے استفسار کیا کہ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ عمران خان آئینی اداروں کو آئین شکنی پر مجبور کریں؟مریم اورنگزیب نے سوال اٹھایا کہ کیا قائداعظم کا فرمان تھا کہ 3 قیراط کی نہیں، 5 قیراط کی انگوٹھی لینی ہے؟ تحفے میں ملی گھڑی بیچ دیں؟

انہوں نے مزید استفسار کیا کہ کیا قائداعظم کا فرمان تھا کہ توشہ خانے میں ڈاکے ڈالیں، خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ دیں، ڈی جی ایف آئی اے کو باتھ روم میں بند کردیں؟

وفاقی وزیر اطلاعات نے سوال اٹھایا کہ کیا قائداعظم کا فرمان تھا کہ سیکیورٹی سربراہ کو نیوٹرل اور جانور کہیں؟ آپ کیخلاف عدم اعتماد آجائے تو اپنے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر سے آئین شکنی کرائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صرف اقتدارکے لیے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں، کہتے تھے کچھ نہیں کرسکتے تھے تو روک تو سکتے تھے، مس ٹرسٹ عمران خان کے ذہن میں ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج موصوف فرمارہے تھے کہ قائداعظم کا فرمان ہے، مقصد صرف یہی ہے کہ اپنے اقتدار کو سنبھالا جائے، امریکی لابسٹ فرم کو ہائر کرکے حقیقی آزادی نہیں لے سکتے، عمران خان کو توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ سمیت تمام بد عنوانیوں کا حساب دینا پڑے گا۔