اسلام آباد : چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 55 سالوں پر محیط پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد بارآور ہونے کے قریب ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین کی بالادستی، جمہوریت مضبوط اور آئندہ عام انتخابات کے بعد وفاق سمیت چاروں صوبوں میں عوامی راج ہوگا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے 55 ویں یومِ تاسیس پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پارٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے کہ جس کی جڑیں عوام میں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مشکل ترین حالات کا جراَت و بھادری سے مقابلہ کیا اور آزمائش و کٹھن حالات کے دوران ملک و قوم کو قیادت فراہم کی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت، انسانی حقوق اور مساوات کی علمبردار ہے، آئین و پارلیمان کی بالادستی کو ناقابلِ تسخیر بنانا ہمارا مشن اور مساوات اور عوام کی خوشحالی ہمارا نصب العین ہے۔ زندہ قومیں اپنے ماضی اور حال کا تنقیدی جائزہ لیتی ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے پارٹی کے 55 سالوں پر محیط جدوجہد کے دوران اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والے جیالوں کو خراج عقیدت، جلاوطنی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے رہنماوَں و کارکنان کو سلام پیش کیا ہے۔