دہشتگردی کو کچلنے میں جنرل باجوہ نے اہم کردار ادا کیا، شہباز شریف

557

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں آرمی نے بڑی شجاعت و بہادری سے کردار ادا کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخ کے ایک مشکل مرحلے پر پاک آرمی کی قیادت کی۔

وزیراعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے الوداعی ملاقات کی، اس ملاقات کے دوران شہبازشریف نے پاک آرمی، ملکی دفاع اور قومی مفادات کے لیے خدمات کو سراہا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے، کورونا وائرس اور بدترین سیلاب سمیت مختلف بحرانوں میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج میں مثالی خدمات انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں آرمی نے بڑی شجاعت و بہادری سے کردار ادا کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخ کے ایک مشکل مرحلے پر پاک آرمی کی قیادت کی۔ دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں انہوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔