چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا عہدے سے سبکدوش

570

راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا مدت ملازمت مکمل ہونے پر عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔

جنرل ندیم رضا 3 سال چیئرمین جوائنٹ چیفس کے عہدے پر فائز رہے۔گزشتہ روز چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سینئر افسران نے شرکت کی۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے فرائض ایمانداری، انصاف اور وقار کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق پر اللہ کا شکر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، ملکی دفاع کو بہادر سپاہی مزید مضبوط بنانے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اس موقع پر تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔جنرل ندیم رضا نے گارڈ آف آنر اور مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا۔جنرل ندیم رضا نے 41 سالہ شاندار کریئر میں کئی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔

انہوں نے ستمبر 1985 میں انفنٹری کی 10 سندھ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔جنرل ندیم رضا پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ بھی رہے۔ دسمبر 2016 میں کور کمانڈر راولپنڈی کی اہم پوزیشن پر تعینات ہوئے۔جنرل ندیم رضا چیف آف جنرل اسٹاف کی اہم ترین ذمہ داری پر بھی فائز رہے اور بطور 16ویں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی خدمات انجام دیں۔