شکر گڑھ: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے خاتمے کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا ہے،پنجاب حکومت کو جمہوری انداز میں رخصت کریں گے ، پنجاب کے وزیر اعلی کا فیصلہ پی ڈی ایم قیادت کرے گی۔
شکر گڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سپریم کورٹ کے فیصلہ کی بنیاد پر قائم ہے،ق لیگی ایم پی ایز اپنے صدر کی ہدایات پر ووٹ دیں تو پنجاب حکومت ختم ہو جائے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب حکومت کے وسائل سے ملک میں انتشار پھیلا رہی ہے ،ملک کو معاشی استحکام کیلئے انتشار سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو جمہوری انداز میں رخصت کریں گے جب کہ پنجاب کے وزیر اعلی کا فیصلہ پی ڈی ایم قیادت کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کوئی چیف سیکریٹری اور آئی جی کام کرنے کو تیار نہیں ، پنجاب حکومت آئینی حدود سے تجاوز کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ انتخابی مہم کی قیادت نواز شریف کریں گے ،ن لیگ 10سال سے احتساب کا سامنا کر رہی ہے، اس دوران ایک پائی کی کرپشن ہم پر ثابت نہیں کی جا سکی۔