بیجنگ: چین میں ایک خاتون نے دفتری سیاست سے بچنے کے لیے قبرستان میں ملازمت شروع کر دی۔
ٹک ٹاک کے چینی ورژن ڈوین پر ایک پوسٹ میں 22سالہ ٹان نامی خاتون نے بتایا کہ وہ جو ملازمت کر رہی ہیں بہت سادہ اور آسان ہے، اور یہاں کتوں اور بلیوں کے علاوہ انٹرنیٹ بھی موجود ہے،یہ خاتون اب چین کے علاقے چنگ چونگ کے ایک پہاڑی قبرستان میں کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پرامن دفتر کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کیں جو وائرل ہوئیں۔خاتون نے اپنی نئی ملازمت کی جو خصوصیات بتائیں ان میں یہ بھی شامل تھا کہ ماحول دفتری سیاست سے پاک ہے، قریب ہے، اور فارغ وقت مل جاتا ہے،ٹان کی ملازمت کی ذمہ داریوں میں قبرستان میں آنے والے افراد پر نظر رکھنا، کتبے فروخت کرنا اور قبروں کا خیال رکھنا شامل ہے، جس کے لیے انہیں ماہانہ 4 ہزار یوآن(ایک لاکھ 25 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)تنخواہ دی جاتی ہے۔
خاتون کو ہفتے میں 6 دن صبح ساڑھے 8 بجے سے شام 5 بجے تک کام کرنا ہوتا ہے، جس کے دوران دوپہر کے کھانے کے لیے 2 گھنٹے کا وقفہ بھی ملتا ہے۔