جماعت اسلامی آزاد کشمیر کا بلدیاتی انتخابات ایک ہی دن کرانے کا مطالبہ

354

مظفرآباد: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے مرکزی نائب امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے بلدیاتی انتخابات کو مرحلہ وار کرانے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کا یہی مطالبہ ہے کہ آزادکشمیر میں ایک ہی دن انتخابات کا انعقاد ہونا چاہیے لیکن اس کے باوجود بھی جماعت اسلامی انتخابات میں بھرپور طور پر حصہ لے گی۔

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں فورسز کی فراہمی مرکزی حکومت کی ذمے داری تھی اور آزادکشمیر کے اندر ان جماعتوں کی بھی ذمے داری تھی جن کی مرکز میں حکومت ہے۔ کراچی میں بھی یہی جماعتیں بلدیاتی انتخابات سے فرار ہورہی ہیں۔ یہ نہیں چاہتیں کہ نئی قیادت سامنے آئے اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں اور عوام کے مسائل حل ہوں ۔

شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ عوام ووٹ کی پرچی سے ان جماعتوں کو مسترد کریں۔27نومبر کو اہل مظفرآباد جوق در جوق پولنگ اسٹیشنز پر آئیں اور ان جماعتوں کومستر د کر کے جماعت اسلامی کو منتخب کریں تا کہ جماعت اسلامی عوام کے مسائل حل کرے قومی تشخص بحال کرے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خصوصی طور پر نکلیں اور جماعت اسلامی کو کامیاب کرائیں جو ان کے حقوق کی واحد محافظ جماعت ہے۔