پی ٹی آئی کی 26 نومبر کو فیض آباد پر اجتماع کیلیے اسلام آباد انتظامیہ کو درخواست

321
protest

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے 26 نومبر کو راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ کے اجتماع کے لئے باضابطہ طور پر اسلام آباد انتظامیہ کو درخواست دے دی۔ 

تحریک انصاف کی جانب سے درخواست میں بتایا گیا ہے چئیرمین عمران خان پریڈ گراؤنڈ سے فیض آباد حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کے لیے روانہ ہونگے۔ تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر علی نواز اعوان کی جانب سے باضابطہ طور پر اسلام آباد انتظامیہ کو درخواست دی گئی۔ درخواست کے مطابق تحریک انصاف 26 نومبر کو فیض آباد کے مقام پر عوامی اجتماع کا انعقاد کرے گی۔

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا ہیلی کاپٹر پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں لینڈ کرے گا اور پھر عمران خان پریڈ گراؤنڈ سے فیض آباد حقیقی آزادی مارچ کی قیادت کے لیے روانہ ہوں گے۔ علی نواز اعوان  کا کہنا ہے کہ  26 نومبر کو راولپنڈی میں ایک پرامن اور جمہوری عوامی اجتماع کا انعقاد کر رہے ہیں ۔ عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی پریڈ گراؤنڈ کے مقام پر لینڈنگ کی بھی اجازت دی جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے اب تک کے تمام اجتماع پرامن طور پر منعقد کیے گئے۔ اسلام آباد انتظامیہ سے تحریک انصاف کی تمام تر پرامن ریلیوں کے فیض آباد تک پہنچنے کے لیے اجازت طلب کرتے ہیں۔