راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے اسلا م آباد میں ایئر اور نیول ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایئرہیڈ کوارٹرزآمد پرپاک فضائیہ جبکہ نیول ہیڈ کوارٹرزآمد پر پاک بحریہ کے دستے نے آرمی چیف کو سلامی دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نیول ہیڈکوارٹرز میں نیول چیف ایڈمرل امجدخان نیازی سے ملاقات اور پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے بات چیت کی۔ آرمی چیف نے سمندری سرحدوں کے تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔
دوسری جانب جنرل قمرجاویدباجوہ نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابرسدھو سے ملاقات کی اور فضائی سرحدوں کے دفاع میں پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے راولپنڈی کورہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحرشمشاد مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔افسران اور فوجیوں سے خطاب میں آرمی چیف نے سیاچن اور ایل اوسی سمیت ملکی سرحدوں کے دفاع پر راولپنڈی کور کو سراہا۔