مظفرآباد: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے مرکزی نائب امیر شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا التوا باشعور عوام اور نوجوان قبول نہیں کریں گے۔
شیخ عقیل الرحمان ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ عوام ان جماعتوں کو مسترد کریں جنہوں نے اقتدار میں رہنے کے باوجود بھی بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے ،بلدیاتی انتخابات عروج پر ہیں امیدواران نے اخراجات کر لیے ہیں ان حالات میں اگر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے خلاف سازش ہوئی تو جماعت اسلامی ریاست گیر احتجاج کرے گی ،ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
ان کا کہنا تھاکہ بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں نئی قیادت قوم کو میسر آئے گی عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے جو قوتیں بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹ ہیں عوام ووٹ کی پرچی سے ان کا احتساب کریں جماعت اسلامی نے خدمت کے شاندار ریکارڈ کے ساتھ امانتدار،دیانتدار قیادت میدان میں اتار دی ہے عوام ان پر اعتماد کریں تو ان کی توقعات پر پورا اتریں گے جماعت اسلامی کو جہاں بھی موقع ملا تاریخی خدمت کی ہے ۔