اساتذہ کا طلبہ  کو موسیقی کی ترغیب دینا شرمناک عمل ہے، محمدعظیم صدیقی

426

کراچی: جماعت اسلامی سندھ کے شعبہ تعلیم کے ڈائریکٹر محمد  عظیم صدیقی نے کہا ہے کہ تعلیم جیسے مقدس ادارے میں بے راہ روی کی ترغیب ایک شرمناک عمل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ نظریاتی جنگ ہے جس میں  قوم کی نسل کے اذہان اور روح کو چھلنی کیا جارہا ہے۔

محمد عظیم صدیقی نے  گورنمنٹ کالج ایلمنٹری کالج حسین آباد میں منعقدہ “اساتذہ کا تعلیمی جشن ” نامی پروگرام میں تربیت اساتذہ کی آڑ میں ڈانس ،میوزک اور اخلاق باختہ پروگرام کے انعقاد پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔

محمد عظیم صدیقی نے  کہا کہ  ایک منظم سازش کے تحت تعلیمی اداروں میں ہمارے معاشرے کے مسلمہ اقدار کے خلاف اخلاق باختہ تقریبات منعقد کر کے نئی نسل کے ذہنوں کو لادینیت کی راہ پر لگایا جارہا ہےاور المیہ یہ ہے کہ حکومت ایسی تقریبات کے انعقاد پر قدغن لگانے کے بجائے خود سرکاری سطح پر تعلیمی اداروں میں موسیقی کو نصاب کا حصہ بنا رہی ہے۔

 عظیم صدیقی نے کہا کہ حکومت کو گورنمنٹ کالج ایلمنٹری کالج حسین آباد میں منعقدہ “اساتذہ کا تعلیمی جشن ” نامی پروگرام کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے اور پروگرام کے منتظمین کے خلاف تادیبی کارروائی کرنی چاہیے انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل اور علماء کرام  سے بھی اپیل کی کہ وہ اس واقع کا سخت نوٹس لیں۔