شیخ رشید کو نشانہ بنانے کی دھمکی، لال حویلی کی سکیورٹی سخت، کمانڈوز تعینات

395

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو نشانہ بنانے کے حوالے سے دھمکی آمیز کال موصول ہونے کے بعد راولپنڈی پولیس نے شیخ رشید اور پبلیک سیکریٹریٹ لال حویلی انتظامیہ کو آگاہ کرکے سیکورٹی میں اضافہ کرتے ہوئے ایلیٹ فورس کے کمانڈوز کو تعینات کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے حوالے سے دھمکی آمیز کال راولپنڈی پولیس کو موصول ہوئی جس کے حوالے سے شیخ رشید احمد کے بھتیجے و مستعفی رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایس پی آپریشن کی جانب سے کال کرکے آگاہ کیا گیا کہ سی پی او راولپنڈی  کے دفتر کے سرکارہ لینڈ لائن نمبر پر انٹرنیٹ نمبر کے ذریعے شیخ رشید کے حوالے سے دھمکی کال موصول ہوئی لہذا آپ بھی محتاط رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے ہم بھی تھانہ سول لائن میں نامعلوم کالر کے خلاف مقدمہ درج کروا رہے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ شیخ رشید احمد اور پبلک سیکریٹریٹ کی سیکورٹی کو بھی بڑھایا جارہا ہے معلوم ہوا ہے کال کے بعد ایس ایچ او وارث خان او ایس ایچ او سٹی پولیس نفری کے ساتھ لال حویلی پہنچے اور رات گئے تک وہاں موجود ربے جبکہ سینئر پولیس افسران کی جانب سے لال حویلی پر موجود پہلے سے تعینات پولیس نفری کے  ساتھ ساتھ ایلیٹ فورس کے کمانڈوز کا دستہ بھی تعینات کردیا گیا ہے۔