بھارت نے 2022-23ء کیلیے جی 20 کی صدارت سنبھال لی

361

بالی: بھارت نے 2022-23 کے لیے گروپ 20 کی صدارت سنبھال لی ہے۔

انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں گروپ 20 کے سربراہی اجلاس کے دوسرے دن تنظیم کی صدارت بھارت کے حوالے کی گئی۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گروپ 20 کے اختتامی اجلاس میں گروپ کی صدارت سنبھالنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ ان کا ملک فیصلہ کن اور نتیجہ خیز قیادت کے ساتھ گروپ 20 کو عالمی تبدیلی کا محرک بنانے کی بھرپور کوشش کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ایسے وقت گروپ 20 کی صدارت سنبھال رہا ہے کہ جب دنیا جغرافیائی سیاسی کشیدگی، اقتصادی سست روی، خوراک اور توانائی کی بلند قیمتوں اور وبائی امراض کے طویل مدتی اثرات سے دوچار ہے۔نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ان حالات میں دنیا گروپ 20 کو دیکھ رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ گروپ 20 کی بھارتی صدارت جامع، پرعزم، فیصلہ کن اور نتیجہ خیز ہوگی۔

بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ترقی کے ثمرات سب کے شامل حال ہوں اور ان سے سب کو فائدہ پہنچے۔ ترقی کے ثمرات کو سبھی انسانوں تک پہنچائے جانے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ترقی کے ثمرات میں سب کو شامل کیے جانے پر کی بات ایسے وقت میں کی ہے جب خود بھارت میں ان کی حکومت پر صرف مخصوص سرمایہ دار طبقے کو فائدہ پہنچانے کا الزام لگایا جارہا ہے۔