ارشد شریف قتل کا ٹرائل پاکستان میں بھی ہوسکتا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

352

اسلام آ باد: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ارشد شریف قتل کا ٹرائل پاکستان میں بھی ہوسکتا ہے، عمران فاروق قتل کیس کی نظیر موجود ہے۔

 اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینئر صحافی ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ان کی والدہ کو فراہم کئے جانے پر درخواست نمٹا دی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ارشد شریف کی والدہ کو رپورٹ فراہم کردی گئی ہے۔

 ارشد شریف کی والدہ کے وکیل بیرسٹر شعیب رزاق نے بھی تصدیق کی کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اتوار کو مل گئی تھی۔

 چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ارشد شریف کیس سے متعلق پاکستان میں کیا ہورہا ہے۔ جس پر بیرسٹر شعیب رزاق نے کہا کہ پاکستان میں بھی ایف آئی آر ہوسکتی ہے۔ چیف جسٹس عامر فارق نے ریمارکس دیئے کہ ارشد شریف قتل کیس کا ٹرائل پاکستان میں بھی ہو سکتا ہے، عمران فاروق بھی باہر قتل ہوئے تھے مگر ٹرائل پاکستان میں ہوا۔

 بیرسٹر شعیب رزاق نے عدالت کو بتایا کہ ابھی پاکستان میں کیس سے متعلق کچھ نہیں ہورہا، جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست ابھی زیر التوا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ارشد شریف کی والدہ کی درخواست نمٹا دی۔