اسلام آباد: سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کا لانگ مارچ اب فرلانگ مارچ بن چکا ہے، عمران خان کے لانگ مارچ کے پیچھے غیر ملکی فنڈنگ ہے ۔
اپنے بیان میں انھوں نےعمران خان پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کے لانگ مارچ کے پیچھے غیر ملکی فنڈنگ ہے ،لانگ مارچ کے پیچھے چھپی سازش سے پردہ چاک کرنا ملکی مفاد کا تقاضا ہے ،ہم نے اپنے طور پر تحقیقات کیں لانگ مارچ کو ایک ملک فنڈنگ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو سبوتاژ کرنے کے لئے لانگ مارچ کا ڈرامہ رچایا گیا ہے۔ جب تک شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تاریخ نہیں طے ہوئی تھی تب تک عمران لانگ مارچ کی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کر رہے تھے۔عمران خان کو جیسے ہی پتہ چلا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ نومبر میں ہوگا تو اس نے نومبر میں مارچ شروع کیا۔ جب شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان 21 نومبر کو طے ہوا تو عمران نے 21 نومبر کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کردیا۔شہزادہ محمد بن سلمان نے دھرنے کے اعلان کے بعد دورہ پاکستان ملتوی کیا۔
ان کہنا تھا کہ ایک ملک نہیں چاہتا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کا دورہ کریں۔ اس لئے لانگ مارچ کو فنڈنگ کر رہا ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے دو تین ممالک کے لئے بڑی سرمایہ کاری لیکر آرہے تھے۔ عمران نے 2014 میں بھی چینی صدر کے دورہ کو سبوتاژ کرنے کے لئے دھرنا دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر وہ قدم اٹھایا ہے جو ریاست پاکستان کے مفادات کے خلاف ہے۔ عمران خان کا لانگ مارچ اب فرلانگ مارچ بن چکا ہے۔عمران خان نے آرمی چیف کی تقرری کو بھی متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔ عمران خان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں رہا ہے ۔مصلحت کی خاطر عمران خان کے خلاف فی الحال کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔