حکمرانوں کی نظریں اپنے پیسے بچانے پر لگی ہوئی ہیں، شاہ محمود قریشی

295
عدم اعتماد آنے پر قانونی طریقے سے مقابلہ کرینگے، وزیر خارجہ

سرائے عالمگیر:  وائس چیئرمین  تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) شاہ محمود قریشی نے کہا  ہے کہ حکمرانوں کی نظریں عوام پر نہیں بلکہ اپنے پیسے بچانے پر لگی ہوئی ہیں، جب تک عمران خان میں دم ہے ان چوروں کو نہیں چھوڑیں گے، جب تک انصاف کا نظام قائم نہیں ہوگا قائداعظم کا خواب حقیقت نہیں ہوسکتا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ  عمران خان اگر کسی لیڈر کو تسلیم کرتا ہے اس شخصیت کا نام قائداعظم محمد علی جناح ہے،اگر جناح نہ ہوتا تو پاکستان نہ ہوتا ، اگر علامہ اقبال نہ ہوتا تو دوقومی نظریہ نہ ہوتا،اگر ان کی جدوجہد نہ ہوتی تو ایک آزاد مملکت میں سانس نہ لے رہے ہوتے۔

انہوں نے کہاکہ  جب عمران خان وزیراعظم تھے تو اس وقت کی اپوزیشن نے تین لانگ مارچ کئے، مریم نواز، بلاول زرداری اور مولانا فضل الرحمان گئے، ہم نے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی،اس وقت اپوزیشن باعزت طریقے سے آئی  ،اپنی بات کی اور رخصت ہوگئے، اس کے باوجود تحریک انصاف پر تشددکیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خوش قسمتی پاکستان کی یہ ہے کہ  یہاں کے عوام نہیں بکتے،وہ وقت قریب آرہا ہے کہ ظلم کرنے والے پاکستان کے فیصلے نہیں کریں گے، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے فیصلے عوام کریں گے،حکمرانوں کی نظریں عوام پر نہیں بلکہ اپنے پیسے بچانے پر لگی ہوئی ہیں۔