پاکستان آرڈیننس فیکٹری نے جدید ترین ڈرون ” ابابیل” تیار کرلیا

683

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) پا کستان نے ہجوم کو منتشر کرنے اور آنسو گیس کے گولے پھینکنے کی صلاحیت رکھنے والے ڈرونز تیار کر لیا ہے،تفصیلات کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی میں پاکستان نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے۔

جدید ترین ڈرون “ابابیل” اپنے ہدف پر بم پھینکنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ جدید ترین ڈرونز پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں تیار کیے گئے ہیں۔ دفاعی ساز و سامان کی 11ویں 4 روزہ بین الاقوامی نمائش “آئیڈیاز” 2022میں اس جدید ترین ڈرون کو نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے۔

پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں ایک ایسا ڈرون تیار کیا گیا ہے جو بم کو اپنے ہدف پر پھینکنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ ‘ابابیل’ نامی یہ ڈرون آگ بجھانے اور ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے پھینکنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

اس ڈرون کو کراچی میں منعقد ہونے والی 11ویں 4 روزہ بین الاقوامی نمائش “آئیڈیاز” میں نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ ان کثیرالمقاصد ڈرونز کو جنگی اور غیر جنگی دونوں حالات میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یہ ڈرونز دفاعی ساز و سامان تیار کرنے والے ملک کے سب سے بڑے ادارہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں تیار کیے گئے ہیں۔ یہ ڈرونز خاص طور پر مارٹر بم گرانے میں مہارت رکھتے ہیں۔

اس سال آئیڈیاز 2022ء میں 11 نئی مصنوعات متعارف کرائی گئی ہیں جن میں اسالٹ رائفلز سی ڈبلیو۔39 اور سی ڈبلیو۔56 بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آئیڈیاز 2022ء میں پی او ایف میں تیار کردہ 60 اور 81 ملی میٹر کیلیبر کے حامل ائیر ڈراپ بم بھی نمائش کیلئے پیش کیے گئے ہیں۔

اسی طرح رواں سال 125 ایم ایم اینٹی ٹینک ایمونیشن کی لانچنگ بھی نمائش کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ 5.56×45 ایم ایم ایمونیشن، 12.7×99 ایم ایم ہیوی اسنائیپر ایمونیشن، پرنٹڈ سرکٹ بورڈز کی مکمل ڈیزائننگ، فیبریکیشن اور اسمبلنگ بھی نمائش کا حصہ ہیں۔