اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اورپاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے سارے دعوے دھرے کے دھرے رہ جائیں گے۔
مسلم لیگ (ق) کے سربراہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملک میں بیشتر سیاستدان شکوہ ، جواب شکوہ الزامات میں الجھے ہوئے ہیں، اُن کے تحمل و برداشت، رواداری ار بردباری کے جذبے کمزور پڑ رہے ہیں جس کے سبب شکوہ کاروں کو جواب شکوہ سننے کا حوصلہ ہی نہیں، میری دعہا ہے کہ ملک میں جس رنگ کی سیاست ہورہی ہے اللہ کرے کہ یہ کامیاب نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج اور عدلیہ اہم قومی ادارے ہیں، آرمی چیف کی تعیناتی کو متنازع نہ بنایا جائے کیونکہ آرمی چیف ہمیشہ پاکستان کی سلامتی کا ضامن ہوتا ہے، وہ سپہ سالار بننے کے بعد کسی خاندان، قبیلے یاعلاقے کا نہیں ساری فوج اور ملک کا محافظ ہوتا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے سارے دعوے دھرے کے دھرے رہ جائیں گے، فوج کی نامزدگی ہی فیصلے کی بنیاد ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ پر پوری قوم کا اعتماد ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان ملک کا منصف اعلیٰ ہوتا ہے چیف جسٹس کو سیاسی شعبدہ بازیوں کا شکار نہ بنایا جائے۔