سندھی زبان کی معنی خیزی اور گہرائی خوب تر ہے۔ سندھی زبان کی کہاوت ہے کہ پہلے دابا، یعنی رعب اور پھر ’’پائوں پر ہاتھ، کام لینے یا نکالنے کا یہی طریقہ ہے۔ آصف علی زرداری نے اس ہی فارمولے سے کامیاب سیاست کی اور اس اُفق پر وہ چھائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اینٹ سے اینٹ بجا دینے کی دھمکی مقتدر حلقوں کو فرنٹ مین کی گرفتاری پر دی جب یہ دابا، کام نہ آیا تو وہ ازخود انکساری کا مظاہرہ کرکے جلا وطن ہوگئے۔ اور اس بیان کو بھلانے میں مصروف ہو کر پائوں پر ہاتھ، کا کامیاب فارمولا اختیار کرکے لاڈلے حکمراں عمران خان کو لاڈو پیار سے محروم کرانے میں کامیاب ٹھیرے، لاڈ و پیار زیادہ ہو تو بڑے بوڑھے کہتے ہیں بچہ بگڑ جاتا ہے سو، عمران خان بھی بگڑ بیٹھے اور انہوں نے لانے اور مزہ کرانے والوں کے خلاف رونا دھونا، اول فول بکنا شروع کردیا اور لانگ مارچ کی صورت وہ اینٹ سے اینٹ بجانے کے زرداری کے اعلان کو روبہ عمل لانے اور ہیرو بننے کے لیے نکل کھڑے ہوئے۔ مگر اس مرحلے میں بھی سندھی زبان کی ایک کہاوت کے مطابق گدھا جب ہنکارتا ہے تو ساتھ ساتھ اس کی ریخ بھی خارج ہوتی ہے، کسی نے پوچھا یہ کیا ہے ہنکارتا کیوں ہے اور ساتھ ریخ کا اخراج بھی کیوں کرتا ہے۔ تو اس نے جواب دیا کہ ہنکارتا اس لیے ہوں کہ سب کو دابا لگاتا ہوں اور ریخ اس لیے خارج کرتا ہوں کہ کہیں سے مار نہ پڑ جائے سو، عمرانی سیاست نے ہنکارنے اور ریخ خارج کرنے کی سیاست کو اپنایا اور اسلام آباد کی طرف چل دیے، ان کا خیال تھا کہ لوگ ملتے جائیں اور کارواں بنتا جائے گا۔ مگر کچھ زیادہ ایسا نہ ہوا، اب لوٹ آنا بھی مشکل ہوگیا اور وہ بند گلی میں پھنس گئے تو پھر انہوں نے ’’حملہ‘‘ کو عافیت اور تائید غیبی جانا جو ان کے ہمدردوں کا منصوبہ آگے چل کر ثابت ہوگیا ہے؟ کہ اس طرح عمران خان کو سانس لینے اور آرام کرنے کا موقع میسر آسکتا ہے، یوں بات کو وہی لے جاسکتا ہے جو دابا سے پائوں پر ہاتھ تک جاتی ہے۔ ویسے بھی دس ماہ تک احتجاج جاری رہے گا کا اشارہ عمران خان کی طرف اس ہی سوچ کا مظہر ہے کہ 2023ء کے انتخاب میں لے دے کر اتنے ہی ماہ بچے ہیں اور یوں اس پر آمادگی ہے کہ اس میں سال بھر کی توسیع جس کی آئین میں گنجائش تک نہ لے جانے کی التجا ہے۔ سیانے کہتے ہیں پہلے تول اور پھر بول مگر ایسا کچھ نہ کیا تو یہ کچھ ہی ہونا تھا۔ وہ پھنس گئے ہیں اور الطاف حسین بننے کا خواب دیکھ کر وہ اس کا حشر بھلا بیٹھے۔ اور اب آدھی تنخواہ میں بھی کام کرنے پر آمادہ دوستوں کی مدد سے ہونا چاہتے ہیں۔