لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں آئینی تبدیلی چاہتے ہیں، ہمارے لیے آرمی چیف کی تقرری نہیں بلکہ الیکشن زیادہ اہم ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے واحد لیڈر ہیں جولوگوں کو جوڑتے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک شادی ہال میں اپنا فنکشن تک نہیں کرسکتے۔ ہماری واضح پالیسی ہے کہ ہم خون خرابہ نہیں چاہتے، ہمارے احتجاج میں خواتین اور بچے بھی آئے ہوتے ہیں، عمران خان کہتے ہیں کہ فوج اور ادارے بھی میرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت آدھی کابینہ پاکستان میں موجود نہیں ہے، یہ لوگ حیلے بہانوں سے ملک سے فرار ہوتے ہیں یہ لوگ 5دن سے لندن بیٹھے ہیں اور فیملی میٹنگز ہورہی ہیں ملک کی فکر نہیں۔ہم پاکستان میں آئینی تبدیلی چاہتے ہیں، فوج ہمارا ادارہ ہے شریف فیملی اس کو متنازع بنارہی ہے، بڑے مقدمات میں ملوث ملزمان لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے آرمی چیف کی تقرری نہیں بلکہ الیکشن اہم ہیں، میرٹ پر اگر آرمی چیف کو تعینات کرنا ہے تو کسی پریشانی کی ضرورت نہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ سیاست کے لیے دل بڑا رکھنا پڑے گا، پاکستان نے کرکٹ میچ میں1992کی تاریچ دہرائی ہے، ہمارے ہمسایہ ملک کو ہمارے فائنل کھیلنے سے پریشانی لاحق ہے۔