شہباز شریف کی نواز شریف سے ایک اور ملاقات، اہم مشاورت

375

لندن:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا معاملہ آئین کے مطابق ہی حل ہوگا، ناکامی عمران خان کا مقدر ہے، وہ ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف سے پاکستان روانگی سے قبل ایک اور اہم ملاقات ہوئی جس میں مریم نواز، رانا مبشر، احسان الحق باجوہ، مہرلیاقت سمیت دیگر شریک تھے۔اس موقع پر سلیمان شہباز شریف، عابد شیر علی اور مسلم لیگ ن برطانیہ کے عہدیدار بھی موجود تھے۔

اہم ملاقات میں ملک کی سیاسی صورت حال اور لانگ مارچ پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے بھی اہم گفتگو ہوئی،ملاقات کے بعد  آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سوال پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ آئینی معاملہ ہے اور آئین کے مطابق ہی حل ہوگا۔

اس موقع پر  نواز شریف نے صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جتھوں کی پہلے بات مانی، نہ اب مانیں گے۔ اللہ تعالی معاملات کو بہتر بنائے اور ملک کو بھی بہتر راستے پر لے کر آئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک مشکل میں ہے ہم اسے بہتر راستے پر لائیں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ناکامی عمران خان کا مقدر ہے وہ ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ۔

اس موقع پر  مریم نواز نے لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کی وجہ سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے لندن سے پاکستان واپسی ایک با پھر موخر کر دی اور لندن میں اپنا قیام مزید ایک روز بڑھا دیا ہے۔ وزیراعظم نے  ہفتہ کی  رات لندن سے لاہور کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم ان کی اب  اتوار کووطن واپسی متوقع ہے۔ وزیراعظم نے نجی پرواز کے ذریعے ہیتھرو ایئر پورٹ سے روانہ ہونا تھا۔