چین نے سیلاب سے بحالی کی کوششوں میں بروقت مدد کی،عبدالقادر پٹیل

227

اسلام آباد:وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ چین نے تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی حالیہ مشکلات کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کی بروقت مدد کی ہے۔

چین کے گوانگشی ژوانگ خود اختیارعلاقے کے طبی ادویات ،صحت اور وبائی امراض سے بچا کے ماہرین سمیت 13 ارکان پر مشتمل چینی طبی ٹیم نے وزیر صحت عبدالقادر پٹیل سے ملاقات کی۔

چینی طبی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چینی حکومت کے شکر گزار ہیں کیونکہ چین بیان اور الفاظ کی بجائے عملی طور پر ہماری مدد کر رہا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاک چین دوستی بے مثال ہے۔ٹیم کی کوششوں کے حوالے سے،

 انہوں نے کہا کہ ماہرین نے پاکستان کے سب سے زیادہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں، خاص طور پر سندھ کے اندرونی علاقوں میں جا کر بڑی مدد فراہم کی جسے پاکستانی عوام فراموش نہیں کریں گے۔

اس موقع پر چینی طبی ٹیم کے سربراہ ہوانگ وین شِن  نے کہا کہ ان کی ٹیم نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ کام کے حوالے سے تفصیلی  تبادلہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپوں اور طبی کیمپوں کا دورہ کیا ہے تاکہ مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں اور پینے کے پانی میں کلورین کی مقدارکی تحقیق کی جا سکے۔

ہوانگ نے کہا کہ چینی طبی ٹیم نے مقامی مریضوں کو مفت طبی علاج اور مقامی محکمہ صحت کو فوری ضرورت کی ادویات اور طبی سامان فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم  اپنے متعلقہ کام کی رپورٹس جمع کرائیں گیاور پاکستان میں آفات کے بعد نظام صحت کی تعمیر نو میں شراکت کے لیے اپنی پیشہ ورانہ مہارت جاری رکھنے کے خواہاں ہیں