لندن میں شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز کی بیٹھک، اہم مشاورت

549

لندن: برطانیہ میں 3 بڑوں کی بڑی بیٹھک ہوئی، جس میں مسلم لیگ( ن) کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز نے اہم تعیناتی کے لیے ناموں پر مشاورت کو حتمی شکل دی، اس موقع پر اہم عہدے پر توسیع کا بھی آپشن زیرغور آیا جب کہ حتمی فیصلہ اتحادیوں اور پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لندن میں مسلم لیگ (ن) کے بڑوں کی بڑی بیٹھک لگی۔وزیراعظم شہباز شریف، پارٹی قائد نواز شریف اور نائب صدر مریم نواز کے درمیان اہم عہدے پر تعیناتی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں اہم تعیناتی کیلئے ناموں پر مشاورت کو حتمی شکل دی گئی۔ آج جمعرات کو مزید مشاورت ہوگی۔نون لیگ کی قیادت کی جانب سے اہم عہدے پر توسیع کا آپشن بھی زیرغور آیا۔

نون لیگ کے قائد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو اپنا موقف دیا۔پارٹی قائد کے مشورے کو پارٹی اور اتحادیوں کے ساتھ شئیر کیا جائے گا۔ مشاورت پر اتفاق رائے کے بعد ہی تعیناتی کے حوالے سے نام سامنے آئے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ابتدائی مشاورت میں عام انتخابات کی تاریخ نہ دیے جانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایون فیلڈ ہاؤس میں ہونے والے ملاقات میں سلیمان شہباز بھی موجود تھے۔