قاہرہ : وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کیلئے بڑا چیلنج ہے، پاکستان کو شدید سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ، مسائل کے حل کیلئے عالمی برادری تعاون کرے ۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی بڑا چیلنج ہے، رواں سال شدید سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، سیلاب کی تباہی کے بعد عوام کی بحالی ہمارا مشن ہے، عالمی برادری مدد کے لیے آگے بڑھے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یوکرین بحران نے معیشت پر تباہ کن اثرات ڈالے، پاکستان یوکرین سے بڑے پیمانے پر گندم درآمد کرتا تھا، ہماری فوڈ سکیورٹی متاثر ہوئی، عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں پربھی اثر پڑا۔
وزیر خارجہ نے عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم کے دورہ روس کی غلط تشریح کی گئی، پاکستان نے دہشت گردی کی خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی، مستحکم افغانستان خطے کی سلامتی اور ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کورونا وبا سے دنیا بھرکی معیشتیں متاثر ہوئیں، پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے اور اس وقت حکومت کو متعدد چیلنجز درپیش ہیں۔