وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پربات چیت

187

قاہرہ: وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے درمیان ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔

سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات شرم الشیخ مصر میں ہوئی، ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ روابط کو بے حد اہمیت دیتا ہے جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے، ثقافت و اقدار اور باہمی حمایت کی لازوال روایت میں گہری ہیں ، سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے میں معاون ہوگا۔

انہوں نے مملکت میں کام کرنے والے 20 لاکھ پاکستانیوں کے لئے سعودی عرب کی مہمان نوازی اور تعاون کو بھی سراہا جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی پیش رفت میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، شہبازشریف نے بالخصوص دونوں برادر ممالک کے عوام کے باہمی مفاد میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ترقی اور عوام کے درمیان روابط کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ بالخصوص ترقی پذیر ممالک میں ماحولیاتی سبب سے ہونے والے ضیاع اور نقصان کی مالی اعانت پر توجہ دینے کے حوالے سے کوپ -27 کے ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے۔

وزیر اعظم نے مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو کے تحت مربوط ماحولیاتی اقدام کی فعالیت پر ولی عہد کی کاوشوں کو بھی سراہا اور سعودی قیادت کو پاکستان کی جانب سے مکمل معاونت کا یقین دلایا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بھی ملاقات میں موجود تھے۔