گھوٹکی میں مغویوں کی بازیابی کیلئے پولیس کا کچے میں آپریشن

384
گھوٹکی میں مغویوں کی بازیابی کیلئے پولیس کا کچے میں آپریشن

گھوٹکی :  مغویوں کی بازیابی کیلئے پولیس کا کچے میں آپریشن، ڈاکوئوں کی پولیس پر اندھا دھند فائرنگ سے ایک ڈی ایس پی، 2ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب گھوٹکی پولیس مغویوں کی بازیابی کیلئے رونتی کچے میں ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن کرنے گئی تھی کہ 100 سے زائد ڈاکوئوں نے پولیس کو گھیرے میں لیکر جدید اسلحہ سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ڈی ایس پی اوباڑو عبدالمالک بھٹو، ایس ایچ او میر پور عبدالمالک ، ایس ایچ او کیھجو، دین محمد لغاری اور دو پولیس اہلکار محمد سلیم چاچڑ اور جتوئی پتافی شہید ہوگئے جبکہ ایک ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

زخمیوں کو پہلے اوباڑو اسپتال منتقل کیا گیا ۔ڈاکوئوں کے ساتھ مقابلے میں ایس ایچ او رونتی غلام علی بروہی اور تین پولیس اہلکار محرم علی آفتاب حسین بھٹو اور ممتاز علی سومرو زخمی ہوگئے ہیں زخمیوں کو علاج کے لئے سکھر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ پولیس کی مزید نفری طلب کی جارہی ہے۔ اب کسی بھی وقت ڈاکوئوں اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہو سکتا ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی تنویر احمد تنیو نے رونتی تھانہ پر موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 روز قبل اوباڑو سے پہنور برادری کے 3 افراد جو اغوا ہو گئے تھے انکی بازیابی کیلئے پولیس کچے میں آپریشن کر رہی تھی کہ اسی دوران پولیس کا ڈاکوئوں سے مقابلہ ہو گیا۔ مقابلے میں ہمارے افسران سمیت 5 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ ہم نے پولیس کی مزید نفری طلب کر لی ہے۔

اب کسی وقت بھی ڈاکوئوں کے ساتھ مقابلہ ہو سکتا ہے۔ ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن کرنے کیلئے پولیس کی بکتر بند گاڑیاں اور جدید اسلحہ اور پولیس کی بھاری نفری کچے میں روانہ کی جارہی ہے۔

شہید ہونے والے افسران اور پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ  پولیس لان میر پور ماتھیلو میں ادا کر دی گئی ہے۔ شہداء کی نماز جنازہ میں ایس ایس پی گھوٹکی تنویر احمد تنیو رینجرز کے ونگ کمانڈر کرنل محمد اجمل خان، ایم این اے سردار محمد بخش خان مہر، سینیٹر جام مہتاب حسین ڈہر کے فرزند جام یاور خان  سمیت پولیس رینجرز اور فوج کے نوجوانوں، صحافیوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

شہدا کی میتوں کو ان کے آبائی گائوں میں روانہ کردیا گیا ہے  جہاں پر انکو سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا جائے گا ۔