اسلام آباد:سابق صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شخص ملک میں انتشار چاہتا ہے لیکن ہم اداروں پر حملہ برداشت نہیں کریں گے۔
آصف علی زرداری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایک شخص ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے ہر لائن عبور کر رہا ہے، اس شخص کو نہ تو ملکی سالمیت کی فکر ہے اور نہ ملکی اداروں کی، اس شخص کو صرف اقتدار اقتدار اور اقتدار کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اداروں کی بقا سے ہی ملک کی بقا ہے اور ہم کسی صورت اداروں پر حملہ برداشت نہیں کریں گے۔انہوںنے کہا کہ 1947سے لے کر اب تک ہم نے اور اداروں نے ملکر دشمن کا مقابلہ کیا ہے اور اب بھی کریں گے، دشمن نے اس دفعہ اندر کے لوگوں سے ہی حملہ کروایا ہے، ہم اپنی پاک فوج کی قربانیوں اور شہادتوں کو کبھی نہیں بھلا سکتے، ہم دشمن کی اس سازش کو بھی ناکام بنائیں گے۔