لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے شہبازشریف، راناثناء اللہ اور ایک فوجی افسر پر حملے کا الزام عائد کردیا۔
پی ٹی آئی رہنماء اسد عمر نے کہا کہ معلومات کی بنیاد پر کہہ رہے ہیں یہ قاتلانہ حملہ ان تینوں افراد نے کرایا ہے، تینوں افراد کو فوری عہدوں سے ہٹایا جائے، تینوں افراد پر مقدمہ درج کرانے جا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ڈاکٹر سلطان سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ نہیں ہے اور وہ خیریت سے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ عمران خان بار بار کہتے ہیں حقیقی آزادی کیلئے جان دینے کو تیار ہوں اگر کسی کویہ شک تھا تو یہ شک دور ہوجانا چاہیے۔ میری دو دن پہلے ان سے بات ہوئی بہت زیادہ خبریں آرہی تھیں کہ سکیورٹی کا خطرہ ہے، عمران خان کو فون پر بتایا کہ یہ خبریں آرہی ہیں عمران خان نے کہا کہ ہم جہاد کیلئے نکلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس کیلئے ہمیں معاملہ اللہ پر چھوڑ دینا چاہیے، اللہ میری حفاظت کرے گا، عمران خان نے کہا کہ ہمیں معاملہ اللہ پر چھوڑ دینا چاہیے، دل سے یقین ہے کہ عمران خان پر اللہ کا سایہ ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ تھوڑی دیر پہلے عمران خان نے مجھے اورمیاں اسلم قبال کو بلایا کہ میری طرف سے بیان جاری کرو، عمران خان نے کہا کہ میرے پاس انفارمیشن پہلے آرہی تھیں، تین لوگوں کے اوپر میرا یقین ہے جنہوں نے یہ سب کچھ کرایا ہے، معلومات کی بنیاد پر کہہ رہے ہیں یہ قاتلانہ حملہ ان تینوں افراد نے کرایا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ مطالبہ یہ ہے ان تینوں کو اپنے عہدے سے ہٹایا جائے اگر عہدوں سے نہ ہٹایا گیا تو پھر ملک گیر احتجاج ہوگا۔جس وقت بھی عمران خان احتجاج کی کال دیں گے اسی وقت ملک گیر احتجاج شروع ہوجائے گا۔