راولپنڈی:پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران پرامن رہنے کے لئے حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کے رہنمائوں سے حلف نامے لینے کے احکامات جاری کئے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران پرامن رہنے کے لئے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے متحرک رہنمائوں خصوصا مارچ کے روٹ پر آنے والے سیاسی جماعتوں کے دفاتر کے منتظمین و رہنمائوں سے شورٹی بانڈ یا یقین دہانی حلف نامے لینے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ۔
علاوہ ازیں تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی میں مزید نفری طلب کرلی گئی ۔
اس سلسلے میں بتایا گیا کہ راولپنڈی ڈویژن کے 2اضلاع راولپنڈی اور جہلم میں پنجاب کانسٹیبلری کی 4ہزار 200سے زائد فورس بھی ضلعی پولیس کی معاونت کرے گی۔
راولپنڈی اور جہلم کے 2اضلاع کی پولیس فورس کی معاونت کے لیے پنجاب کانسٹیبلری کی 184ریزروز پر مشتمل 4ہزار 200سے زائد فورس ڈیوٹی سرانجام دے گی۔
ضلع راولپنڈی میں پنجاب کانسٹیبلری کی141ریزوز پر مشتمل فورس راولپنڈی پولیس کی دستیاب نفری کے ساتھ مل کر ڈیوٹی سرانجام دے گی۔
اس کے علاوہ پنجاب کانسٹیبلری کی 43 ریزوز پر مشتمل 900 سے زائد فورس ضلع جہلم کی پولیس کی دستیاب نفری کے ساتھ مل کر ڈیوٹی سرانجام دے گی۔
ذمہ داریاں سرانجام دینے کے لیے اضافی فورس دونوں اضلاع میں موجود ہیں۔