لاہور:عمران خان کو چیئرمین تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار آفاق ایڈووکیٹ نے تحریک انصاف کو نئے چیئرمین مقرر کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی ہے ۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل کردیا ہے اور اب عمران خان چیئرمین کا عہدہ اپنے پاس رکھنے کا قانونی جواز نہیں رکھتے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عمران خان کو چیئرمین تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹائے، اور تحریک انصاف کو نیا چیئرمین مقرر کرنے کا حکم دے۔