وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، اسٹریٹیجک شراکت داری مزید مضبوط کرنے پر اتفاق

411

بیجنگ: وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات میں سٹریٹجک پارٹنر شپ مزید مضبوط کرنے اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔بیجنگ میں وزیر اعظم شہبازشریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں سٹرٹیجک پارٹنر شپ مزید مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں لیڈرز  کے درمیان سی پیک سمیت اقتصادی تعاون  اور پاک چین تعلقات کے مزید فروغ پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسی کو بھی پاک چین مضبوط اقتصادی شراکت داری کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔چین کے ساتھ تجارتی، سرمایہ کارانہ تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کررہے ہیں۔پاکستان میں چینی باشندوں اور ان کے منصوبوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی نے اندرونی اور بیرونی تبدیلیوں کو برداشت کیا ہے،پاکستان کے لیے چین کے ساتھ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہیں۔چین پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ کاری کا شراکت دار ہے۔

شہباز شریف کے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد چین کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وفاقی وزرائ، معاونین خصوصی اور اعلیٰ سرکاری افسران کا وفد بھی وزیراعظم کے ساتھ ہے۔