راولاکوٹ: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہے قوم ووٹ دیتے وقت باصلاحیت ،امانتدار،دیانتدار نوجوان قیادت کو منتخب کرے۔
ڈاکٹر خالد محمود خان بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں نوجوان قیادت ابھر کر سامنے آئے گی ،جماعت اسلامی کی قیادت عوام کے مسائل کا ادراک اور حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ،قوم جماعت اسلامی کی خدمات اور تحریک آزادی کشمیر میں کردار کو سامنے رکھتے ہوئے جماعت اسلامی پر اعتماد کرے، ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں نوجوانوں کو بھرپور نمائندگی دی ہے آزاد خطے کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے ،کشمیرکی آزادی اور نظام کی تبدیلی ہمارا ایجنڈا ہے ،آزاد خطہ قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال ہے قیادت کی نا اہلی کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں قوم کو اچھی قیادت میسر آئے گی۔
ڈاکٹر خالد محمود خان کا مزید کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے ساتھ ساتھ حکومت طلبہ یونینز کے انتخابات کرانے کا بھی اعلان کرے بلدیاتی انتخابات اور طلبہ یونیز کے انتخابات کے نتیجے میں نئی قیادت کے ساتھ ساتھ جمہوری ادارے بھی مضبوط ہوتے ہیں اور عوام کو برائے راست حکومت میں شیئر کرنے کے مواقعے میسر آتے ہیں۔