بلدیاتی انتخابات کسی صورت التواء کا شکار نہیں ہونگے، وزیراعظم آزاد کشمیر

291

مظفر آباد:وزیراعظم آزادکشمیر تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کسی صورت التوا کا شکار نہیں ہونگے، وفاق کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی فراہمی نہیں ہوتی توپنجاب،کے پی کے،گلگت بلتستان سے سکیورٹی فورسز اور پاک فوج سے د رخواست کردی ہے۔

تنویر الیاس خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ویژن،پی ٹی آئی کے انتخابی منشور اور عوام سے کیے گئے بڑے وعدے کو عملی جامہ پہنانے اورسپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے۔ الیکشن کمیشن کو ان کی ضرورت  کے مطابق بروقت انتخابات کے انعقاد کیلئے وسائل مہیا کردئیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لیے سکیورٹی فورسز کا کوئی ایشو نہیں،وفاقی حکومت اور صوبوں سے رابطے میں ہیں۔ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اور انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔ 31سال بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد پی ٹی آئی کی حکومت کا اعزاز ہے۔

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت آزادکشمیر وفاقی وزیرداخلہ سے رابطے میں ہے اور سکیورٹی فورسز کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت  جاری ہے۔ اگر کسی وجہ سے انتخابات کے لیے وفاق کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی فراہمی ممکن نہیں ہوتی تو حکومت آزادکشمیر پنجاب،کے پی کے،گلگت بلتستان سے سکیورٹی فورسز اور پاک فوج سے بھی سکیورٹی کیلئے د رخواست کردی ہے۔