کوئٹہ کے عوام کیلیے خوشخبری جعفر ایکسپریس پشاور سے مچھ تک چلانے کا فیصلہ

316

لاہور :سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن پر سیلاب سے متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام مکمل ہونے کے بعد پاکستان ریلوے نے کوئٹہ کےعوام کیلیے جعفر ایکسپریس 10 نومبر سے پشاور سے مچھ تک چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر ریلوے سعد رفیق نے ہرک برج کی بحالی کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیاہے۔

ریلوے حکام کے مطابق رواں سال 20 اگست سے بلوچستان کے اضلاع سبی، نصیرآباد اور جعفرآباد میں آنے والے سیلابی ریلوں کی وجہ سے سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن پر 100 کلومیٹر ٹریک بری طرح متاثر ہوا تھا،ریلوے کے عملے نے دو ماہ کی کوششوں کے بعد سبی جیکب آباد ریلوے سیکشن پر ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے مچھ سے مسافروں کو روڈ ٹرانسپورٹ کے ذریعے کوئٹہ پہنچانے کیلیے انتظامات کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی،اس کے علاوہ 4 برس سے زیر التوا سبی ھرنائی سیکشن کی 3 ماہ میں تکمیل کا فیصلہ کیا گیا۔ اے جی ایم انفراسٹرکچر ارشد سلام خٹک کی سربراہی میں چار رکنی وفد جلد گوادر کا دورہ کر کے معاملات کو بہتر انداز میں آگے بڑھائے گا، ریلوے پولیس کی کیپسٹی بلڈنگ بہتر انداز میں کی جائے۔

محکم ریلوے کی جانب سے گزشتہ روز ریلوے ٹریک کی مرمت کا جائزہ لینے کیلئے جیکب آباد سے چلائی گئی مال بردار ٹرین سبی پہنچ گئی جس سے ریلوے ٹریک کی مرمت مکمل ہونے کے بعد بلوچستان سے اندورن ملک کیلئے ٹرینوں کی بحالی کا امکان روشن ہوگیا ہے۔

جعفرایکسپریس کے بعد کراچی سے بولان میل کو بھی مچھ تک چلایا جائے گا تاہم ہرک پل کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد کوئٹہ سے ٹرین سروس بحال ہوسکے گی،ریلوے حکام نے پشاور جانے کیلئے جعفر ایکسپریس کو 10 نومبر سے مچھ سے چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔