عالمی برادری پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ افراد کی مدد کرے، شازیہ مری

335

اسلام آبا; وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ/چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی ) شازیہ مری نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے دوچار افراد کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ/چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی ) شازیہ مری اور اے آئی سی ایس کی ڈائریکٹر ایمانویلا بینینی (Emanuela Benini) کے درمیان بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر میں ملاقات ہوئی ،پاکستان اوراٹیلین ایجنسی فار ڈویلپمنٹ کارپوریشن (اے آئی سی ایس )نے موسمیاتی تبدیلی، سماجی شعبے کے امور، پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی ضروریات کو پورا کرنے اور ان کی تعمیر نو کے حوالے سے مل کر کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی ،اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی، سیکرٹری بی آئی ایس پی یوسف خان، ڈی جی(او ایم)بی آئی ایس پی حماد خان اور بی آئی ایس پی کے دیگر حکام موجود تھے۔

 شازیہ مری نے اے آئی سی ایس کی ڈائریکٹر کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بی آئی ایس پی کا مقصد معاشرے کے پسماندہ طبقات بالخصوص خواتین کو سماجی تحفظ کا ایک جامع نظام فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے مصائب ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور حالیہ تباہی میں لوگوں کی جانوں اور املاک کے بڑے نقصان پر بات کی۔