چنیوٹ: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف)مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ سینئر صحافی ارشدشریف کی موت کو سیاسی مسئلہ بنا دیا گیا، آج عمران خان کا دنیا کےسامنے اصل چہرہ رکھا گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے کئی گنا بڑے ملین مارچ کیے ہیں، ہمارے کسی طرزعمل سے ریاست کا نقصان نہیں ہوا، مشکل میں معیشت کو بہتری کی طرف لے جا رہے ہیں، عمران خان نے ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھا، عمران خان عدالت کی جانب سے آئین شکن ثابت ہو چکے، عمران خان الیکشن کمیشن کی جانب سے چور ثابت ہوچکے۔
انہوں نے کہا کہ ارشدشریف کی موت کوسیاسی مسئلہ بنا دیا گیا، آج عمران خان کا دنیا کےسامنے اصل چہرہ رکھا گیا ہے، عمران خان کیساتھ جو لوگ ہیں گرم زمین پر ان کے تلوے ٹِک نہیں سکتے، عمران خان حقیقی آزادی نہیں حقیقی آوارگی کی بات کر رہے ہیں۔