لاہور: پنجاب حکومت نے دریائے چناب پر دو ڈیمز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے علاقے کوہ سلیمان کے ہل ٹورنٹس کیلئے چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں خصوصا پانی کے نئے ذخائر کی تعمیر اور اسمال ڈیمز بنانے کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کورونا کے دوران تعاون پر یورپی یونین کی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے، ہم یورپی یونین کے ممالک کی جانب سے مختلف شعبوں میں معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے دریائے چناب پر دو ڈیمز بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، جنوبی پنجاب کے علاقے کوہ سلیمان کے ہل ٹورنٹس کے لیے چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں گے، ان ڈیمز کی تعمیر سے نہ صرف بارش کے پانی کو محفوظ بنایا جا سکے گا بلکہ زرعی مقاصد کے لیے بھی پانی استعمال کیا جا سکے گا، یورپی یونین کی جانب سے ان منصوبوں کیلئے تکنیکی معاونت کا خیر مقدم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے، سیلاب زدگان کے لئے این جی او اخوت کے اشتراک سے گھر تعمیر کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یورپی یونین بھی سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں تعاون کرسکتی ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں سڑکوں کی تعمیرومرمت کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی گئی ہے، چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلیے قوانین کو مزید سخت بنایا جا رہا ہے، لیبر لاز کے نفاذ کو یقینی بنایا گیا ہے، ورکرز کے حقوق تحفظ اور ان کے بچوں کی فلاح وبہبود کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، ورکرز اور ان کی فیملیز کے لیے سوشل سیکورٹی اسپتال بنائے ہیں جہاں علاج معالجہ فری ہے۔