کشمیری بھارتی قبضے کیخلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منائینگے، ڈاکٹر خالد محمود

325

اسلام آباد: جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ 27اکتوبر کو مقبوضہ جموں وکشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کے خلاف آزادکشمیر ،گلگت بلتستان اوردنیا بھر میں بسنے والے کشمیری یوم سیاہ منائیں گے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں کشمیر جرنلسٹ فورم کے زیر اہتمام یوم تاسیس کے موقع پر قومی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارت کے فوجی قبضے کو ایک لمحے کے لیے بھی نہ تسلیم کیا ہے اور نہ کریں گے ۔نریندرمودی نے بھارت کے نام نہاد جمہوری اور سیکولر چہرے سے نقاب اتار دیا ہے۔

ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ برہمن سامراج بھارت کو انجام کی طرف لے کر جارہا ہے ۔کشمیر آزاد ہوگا اور برصغیر کا جغرافیہ تبدیل کرنے کا عنوان بنے گا ۔اللہ کی نصرت ،محمد کی غلامی اور شہدا کے مقدس لہو کے طفیل کشمیرجلدیا بدیر آزاد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 5لاکھ شہدا کے خون سے بے وفائی کرنے والے عبرت کا نشا ن بنیں گے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مظالم کی انتہا ہو رہی ہے ۔ یہاں کی خاموشی دیکھ کر آزادکشمیر کے نوجوان تڑپ رہے ہیں۔ ایک طرف مودی اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھارہا ہے اور دوسری طرف روڈ میپ نہ ہونے کی وجہ سے مایوسی کا پیغام جارہا ہے۔ اسلام آباد اور مظفرآباد میں بیٹھے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور کشمیرکی آزادی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کریں۔