جھوٹ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، سچ کے ہاتھوں شکست اسکا مقدر ہے، بلاول

285
the truth

اسلام آباد:وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جھوٹ وقتی طور پر کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو لیکن سچ کے ہاتھوں شکست اس کا مقدر ہے۔

پی پی پی چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دیوالی پر پیغام جاری کرتے ہوئے ہندو برادری کو روشنیوں کے تہوار دیوالی کی مبارکباد پیش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیوالی کا تہوار معاشرے میں برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے اور جھوٹ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، سچ کے ہاتھوں شکست اس کا مقدر ہی  ہوتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 1973ء کا آئین ملک کے ہر شہری کو یکساں حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی تمام اقلیتوں کی بھی نمائندہ جماعت ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پی پی پی اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے کبھی رتی برابر بھی مصلحت کا شکار نہیں ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ یہ کرہِ ارض امن اور بھائی چارے کا گہوارہ بن جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کرتی رہے گی اور ہم رواداری اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔