کسی کو نااہل نہیں دیکھنا چاہتے، شاہد خاقان عباسی

351

کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم کسی کو نااہل نہیں دیکھنا چاہتے، سیاست میں مقابلہ میدان میں ہونا چاہیے، بیک ڈور رابطے ہمیشہ ملک کی ناکامی کا سبب بنتا ہے،سابق چیئرمین نیب نے جو حال نیب کا کیا وہ مِسنگ پرسن کا بھی کریں گے۔

شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ  مسلم لیگ ن کے کیسز رہنے دیں لیکن سپریم کورٹ نیب کو ختم کرے ،وقت پر نئے آرمی چیف کی تقرری ہوجائے گی، روٹین کی تقرری ہے جو اپنے وقت ہر ہونی چاہیے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ نیب عدالت کے معاملات میں تین سال گزر گئے، آج تک کیس میں پیشرفت نہیں ہوئی، نیب کیسز میں پھنسنے والوں کی زندگی مفلوج ہوجاتی ہے،جو لوگ جیلوں میں گئے اور کاروبار اور نوکری نہ کرسکے کیانیب لوگوں کوان کی زندگی کے سال واپس دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ  سابق چیئرمین نیب تو فارغ ہو کر چھ ماہ تک ڈیلی ویجز پر کام کرتے رہے، ا س کے بعد یہاں سے فارٖغ ہوئے تواب جاکر لاپتہ افراد کوڈھونڈ رہے ہیں جو لوگ دوسروں کو بغیر الزامات جیل بھیجتے رہے انکے اپنے اثاثے کیا ہیں؟

لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے بھی کہا ہے کہ نیب سیاسی انجینیئرنگ کرتا ہے، سپریم کورٹ کو دیکھنا چاہیے نیب نے آج تک کیا کیا ہے؟انہوں نے کہا کہ نیب کی بنیاد ایک آمر نے ڈالی تھی، سپریم کورٹ نیب کو ختم کرے، مسلم لیگ ن کے کیسز رہنے دیں لیکن اس ادارے کو ختم کریں۔