عمران خان کی نااہلی، پی ٹی آئی کا اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کا فیصلہ

444

اسلام آباد: پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس کیس میں عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی صدارت میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں  کا اہم اجلاس ہوا، جس میں قانونی ٹیم کو الیکشن کمیشن کیس کے تناظر میں پٹیشن تیار کرنے کی ہدایت کرنے کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں میں جاری احتجاجی مظاہروں کا جائزہ لیا گیا۔

پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں عمران خان کو بریفنگ دی گئی، جس میں ملک بھر میں جاری احتجاجی مظاہروں سے متعلق بتایا گیا۔ اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی کو بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف جاری احتجاج میں شام تک مزید اضافہ متوقع ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے کہا کہ جانب دار الیکشن کمیشن سے اسی طرح کا فیصلہ متوقع تھا۔چیف الیکشن کمشنر پی ڈی ایم کا اتحادی ہے، موجودہ الیکشن کمیشن اور اس کے فیصلوں کی کوئی ساکھ نہیں۔