دبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ جے شاہ کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیاکپ 2023 کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ جے شاہ نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم ایشیاکپ 2023 کے لیے پاکستان نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ 2023 کا ایشیا کپ پاکستان میں نہیں بلکہ نیوٹرل مقام پر کھیلا جائے گا،بھارت کی جانب سے ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کے بعد اب پاکستان ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا تاہم اگر کسی وجہ سے ایونٹ وہاں منعقد نہ ہو سکا تو بنگلہ دیش بھی متبادل وینیو بن سکتا ہے۔
اس سے قبل یہ رپورٹس منظر عام پر آئی تھی کہ بھارتی بورڈ ایشیا کپ 2023 میں شرکت کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے لیے تیار ہے،بھارتی ٹیم نے سال 2008 میں آخری مرتبہ ایشیاکپ کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد سے ممبئی حملوں کا الزام لگا کر بھارت اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کرتا رہا ہے،سال 2008 کے ایشیاکپ میں بھارت کو سری لنکا سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان 2023 میں 50 اوور کے ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا جس کے بعد ورلڈ کپ بھارت میں ہوگا۔