بھارت میں مسلمان طالبہ کو حجاب نہ اتارنے پر امتحان سے نکال دیا گیا

331
the hijab

پٹنہ: بھارتی ریاست بہار میں ایک مسلمان طالبہ کو حجاب اتارنے سے انکار پر امتحان دینے سے روک دیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریاست بہار کے مہانت درشن داس مہیلا کالج میں طلبہ کی بڑی تعداد امتحان دینے پہنچی تھی تاہم جیسے ہی امتحان شروع ہوا ایک طالبہ کو اسکارف اتارنے کا کہا گیا۔ طالبہ نے اسکارف اتارنے سے انکار کیا تو استاد نے اسے امتحان گاہ سے باہر نکال دیا اور طالبہ کی کوئی بات نہیں سنی بلکہ طالبہ کو ہراساں کیا گیا اور نفرت آمیز جملے کسے گئے۔

طالبہ کا کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا اگر حجاب نہیں اتارنا تو بہتر ہے بھارت چھوڑ کر پاکستان چلی جاؤ اور وہی قیام کرو۔ یہ پہلا موقع نہیں جب بھارت میں مسلم طالبات کو حجاب اتارنے پر دباؤ کا سامنا رہا ہو۔ بھارتی ریاست کرناٹک میں تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی عائد کردی گئی تھی جسے ہائی کورٹ نے بھی برقرار رکھا اور اب دیگر ریاستوں کے تعلیمی اداروں میں بھی حجاب پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔