پاکستان امن و سلامتی کا علمبردار ہے، عالمی امن کو خطرہ امریکا سے ہے، سراج الحق

398
Siraj-ul-Haq

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے حکمران عوام کے نہیں استعمار کے نمائندے ہیں۔ امریکی صدر سے ہاتھ ملا لینا ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہے۔

صوبائی دارالحکومت کے گریٹر اقبال پارک میں یوتھ کنونشن کی تیاریوں کے جائزے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے اصل مقاصد کا سب کو پتا ہے۔ پی ڈی ایم نے بھی اقتدار میں آنے سے قبل مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیے تھے۔ اکیسیویں صدی ہے، قوم ان غلام ابن غلام استعمار کے وفاداروں کے چہروں کو پہچان چکی ہے۔ سب کو معلوم ہے دونوں اطراف اسٹیبلشمنٹ سے دودھ کی بوتل حاصل کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک معاشی و سیاسی دہشت گردی کا شکار ہے۔ مسائل کی ذمے دار موجودہ و سابقہ حکومتیں ہیں۔ 65 فیصد یوتھ مسائل میں گھرے ملک کے لیے اُمید کی کرن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منظم کریں گے۔ 30 اکتوبر کو مینار پاکستان تلے ملک بھر سے نوجوانوں کو اکٹھا کررہے ہیں۔ یقین ہے پاکستان زندہ باد یوتھ لیڈر شپ کنونشن ملک میں نئی صبح کا آغاز ہوگا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد، صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل اور دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے امریکی صدر کے متنازع بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانی جوبائیڈن کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے جو امن، سلامتی اور خوشحالی کا علمبردار ہے۔ دنیا کے امن کو خطرہ امریکا سے ہے۔ یہ امریکا ہی تھا جس نے جاپان پر ایٹمی حملہ کرکے لاکھوں معصوموں کا قتل عام کیا۔ حکومت عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے فوری طور پر سخت مذمتی بیان جاری کرے۔

سراج الحق نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکومتیں یوتھ کی بہتری کا کوئی پلان مرتب نہیں کرسکیں۔ جماعت اسلامی ملک بھرسے یوتھ لیڈر شپ کو اکٹھا کررہی ہے جہاں ہم انہیں آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کو منظم کرکے اسلامی انقلاب برپا کرے گی اور یقینی طور پر ملک کے مسائل کا حل نظام مصطفیٰ میں ہے۔

دریں اثنا یوتھ لیڈر شپ کنونشن کی تیاریوں کے لیے سیکورٹی اور میڈیا سمیت تمام کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ کنونشن میں مختلف اسلامی ممالک کی یوتھ لیڈرشپ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک کی نامور شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی نوجوان قیادت بھی کنونشن میں شرکت کرے گی جنہیں  ایوارڈر اور انعامات بھی دیے جائیں گے۔ امیر جماعت ایک روزہ کنونشن سے کلیدی خطاب اور آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ انتظامیہ کو کنونشن کی اجازت کے لیے ایک ماہ قبل ہی درخواست دے دی تھی۔کنونشن کے دوران گریٹر اقبال پارک کے ایک پودے کوبھی نقصان نہیں ہوگا اور جماعت اسلامی کی روایات کی طرح پارک کی صفائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔