پاکستان میں اس وقت تقریباً تمام کلیدی ادارے سیاست زدہ ہوگئے ہیں۔ خصوصاً عدالتیں، سپریم کورٹ ہو یا ہائی کورٹس سب ہی جگہ سیاسی مقدمات ترجیحی بنیادوں پر سنے جارہے ہیں۔ یہاں ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ عدالتیں کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت کررہی ہیں بلکہ سیاسی مقدمات ان کی ترجیح اول بن گئے ہیں۔ جبکہ عوام کے مقدمات التواء میں چلے گئے ہیں۔ یہاں میں ایک واقعے کا ذکر کروں گا جو مجھے بزرگ صحافی سعود ساحر مرحوم نے سنایا تھا بلوچستان کے ایک ڈپٹی کمشنر ان کے دوست تھے شاید وہ گوادر یا مکران کے ڈپٹی کمشنر تھے اور انتظامی امور کی وجہ سے ان کا کوئٹہ آناجانا لگا رہتا تھا۔ ایک بار وہ گوادرسے کوئٹہ جارہے تھے کہ انہوں نے دیکھا کہ ایک بوڑھا شخص پیدل چل رہا ہے اور اس کے کندھے پر ایک گٹھڑی چھڑی کے ساتھ لٹکی ہوئی ہے۔ انہیں اس پر رحم آیا کہ اس ویرانے میں یہ بوڑھا شخص نجانے کہاں کے لیے سفر کررہا ہے انہوں نے اس سے پوچھ لیا کہ بابا جی کہاں کا ارادہ ہے اس نے کہا کہ کوئٹہ جانا ہے وہاں میرے مقدمے کی تاریخ ہے، ڈپٹی کمشنر نے کہا بابا جی آؤ گاڑی میں بیٹھ جاؤ، بابا جی تھکے ہوئے تھے اور گاڑی میں بیٹھ گئے اور بیٹھتے ہی سوگئے، ڈپٹی کمشنر نے اطمینان کا سانس لیا کہ بابا جی کو لفٹ دینا درست ثابت ہوا۔ 6 یا 7 گھنٹوں بعد وہ کوئٹہ پہنچ گئے۔ انہوں نے بابا جی کو جگایا کہ بابا جی اٹھو ہم کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔ باباجی نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ کیا مذاق کرتا ہے؟ ڈپٹی کمشنر نے کہا باباجی مذاق نہیں ہے آپ کو عدالت جانا تھا نا، ہم کورٹ کے باہر ہی کھڑے ہیں۔ باباجی نے گاڑی سے باہر نکل کر دیکھا تو وہ واقعی کوئٹہ میں کھڑے تھے۔ باباجی چکرا کر گر پڑے اور پھر درد بھرے لہجے میں ڈپٹی کمشنر سے کہنے لگے یہ تم نے کیا غضب کیا؟ مجھے اتنی جلدی کوئٹہ پہنچا دیا عدالت میں میری تاریخ پندرہ دن بعد ہے اب میں یہ پندرہ دن اتنے مہنگے شہر میں کیسے گزاروں گا؟ باباجی عدالت میں جاتے اور عدالت میں ان کے مقدمے کی نئی تاریخ پڑ جاتی۔ ڈپٹی کمشنر نے باباجی کے رہنے کا انتظام تو کردیا لیکن یہ سوال سامنے آگیا کہ یہ بوڑھا شخص صرف ایک مقدمے کی پیشی کے لیے ایک مہینہ پیدل سفر کرتا تھا اور جب وہ عدالت میں پہنچتا تو اس کے مقدمے کی نئی تاریخ پڑجاتی اور وہ اگلی تاریخ پر آنے کے لیے ایک ماہ کے سفر کی پھر تیاریاں کرنے لگتا۔ اس کے لیے عدالت رات 12 بجے کے بعد نہیں کھلتی ہے اور نہ ہی چھٹی کے دن جج اٹھ کر فوری طور پر عدالت کا کمرہ کھولتا ہے۔
عدالتوں نے گزشتہ چند ماہ میں پی ایم ایل (این)، پی ٹی آئی اور پی ایم ایل (ق) کے رہنماؤں کو عدالتی فیصلوں سے ریلیف فراہم کیا ہے۔ ایک عدالتی فیصلے کا فائدہ مریم نواز کو ہوا کیونکہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں انہیں سنائی گئی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں عوامی عہدہ رکھنے کے لیے کلین چٹ دی گئی۔ لاہور ہائی کورٹ کے ایک اور فیصلے کے بعد، اس کا پاسپورٹ بحال کر دیا گیا ہے، جس کے بعد وہ فوری طور پر لندن پہنچ گئیں۔ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ ایک سنگین مسئلہ تھا اور ایک منفی فیصلہ انہیں کئی سال کے لیے سیاست سے نااہل قرار دے سکتا تھا۔ عمران خان کو اس کیس سے کو چھٹکارا دلانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بہت وقت صرف کرنا پڑا، منی لانڈرنگ کیس کا سامنا کرنے والے پی ایم ایل (ق) کے رہنما مونس الٰہی کو بھی لاہور ہائی کورٹ نے جانے دیا، جس نے قانونی بنیادوں پر ان کے خلاف ایف آئی آر کو منسوخ کردیا۔ ایسے کتنے ہی سیاست دانوں کے مقدمات اعلیٰ عدالتوں میں ترجیحی بنیادوں پر سنے جارہے ہیں۔ جب پیپلز پارٹی کے سید خورشید شاہ قومی اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین تھے ان کو ایف بی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ 55 ارب 73 کروڑ روپے کے واجبات کی وصولی عدالتوں میں زیر سماعت 6 سو 95 کیسز کے باعث التوا کا شکار ہے، جس پر انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ آڈیٹر جنرل کے اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے پی اے سی کو بتایا گیا تھاکہ 55 ارب 73 کروڑ روپے، کل رقم کا محض 10 فی صد ہے، جو ایف بی آر عدالتوں میں زیر التوا کے باعث وصول نہیں کر سکی، جس پر خورشید شاہ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ اس کا مطلب کل رقم تقریباً 50 کھرب ہے۔ یہ نہیں معلوم کہ اب کیا صورت حال ہے؟ لیکن کتنے ہی مقدمات ہیں جن میں برسوں سے حکم امتناع چل رہا ہے۔ حکم امتناعی انصاف کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ لا اینڈ جسٹس کمیشن پاکستان کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ملک کی اعلیٰ اور نچلی عدالتوں میں21 لاکھ 44 ہزار مقدمات زیر التوا ہیں کیونکہ 2021 کے دوران 41 لاکھ 2 ہزار مقدمات کا فیصلہ کیا گیا اور 40 لاکھ 60 ہزار نئے مقدمات دائر کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق 2021 کے آغاز میں تمام عدالتوں میں مجموعی طور پر 21 لاکھ 60 ہزار مقدمات زیر التوا تھے۔
عدالت عظمیٰ، وفاقی شریعت عدالت اور ملک کی پانچ عدالت عالیہ نے گزشتہ سال کے دوران 2 لاکھ 29 ہزار 822 مقدمات نمٹائے اور 2 لاکھ 41 ہزار 250 نئے مقدمات قائم کیے اور 31 دسمبر کو اعلیٰ عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 3 لاکھ 89 ہزار 549 تھی جبکہ یکم جنوری 2021 کو یہی تعداد 3 لاکھ 78ہزار 216 تھی۔ اسی طرح ملک کی ضلعی عدلیہ میں گزشتہ سال کے آغاز میں 17 لاکھ 83 ہزار 826 مقدمات زیر سماعت تھے اور اس نے 38 لاکھ 72ہزار 686 مقدمات کا فیصلہ کیا اور گزشتہ سال کے دوران 38 لاکھ 22 ہزار 881 نئے مقدمات دائر کیے گئے اور 3 دسمبر کو نچلی عدالتوں کے سامنے کْل 17 لاکھ 54 ہزار 947 مقدمات زیر التوا رہے۔ لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2021 کے آغاز میں عدالت عظمیٰ کے سامنے 46 ہزار 695 مقدمات زیر التوا تھے اور سال کے آخر تک یہ 51 ہزار 766 ہوگئے کیونکہ عدالت عظمیٰ نے گزشتہ سال 12 ہزار 838 مقدمات کا فیصلہ کیا جبکہ 18 ہزار 75 نئے مقدمات دائر ہوئے۔ لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ سال ایک لاکھ 49 ہزار 362 مقدمات کا فیصلہ کیا اور اسی عرصے کے دوران ایک لاکھ 48 ہزار 436 نئے مقدمات قائم کیے گئے اور 31 دسمبر 2021 کو لاہور ہائی کورٹ میں کل ایک لاکھ 87 ہزار 255 مقدمات زیر التوا تھے۔ سندھ ہائی کورٹ نے گزشتہ سال 31 ہزار سے زائد مقدمات کو نمٹا دیا تاہم اسی عرصے کے دوران 34 ہزار کے قریب نئے مقدمات بھی قائم کیے گئے اور مجموعی طور پر زیر التوا مقدمات کی تعداد 84 ہزار سے زائد رہی۔ اسی طرح پشاور ہائی کورٹ کو 23 ہزار 941 مقدمات موصول ہوئے اور 2021 کے دوران 20 ہزار 528 مقدمات کا فیصلہ کیا گیا اور 44 ہزار 703 مقدمات زیر التوا رہے۔ جب 2021 کا آغاز ہوا تو بلوچستان ہائی کورٹ میں 4 ہزار 194 مقدمات زیر التوا تھے اور اس نے 7 ہزار 287 مقدمات کو نمٹا دیا اور اس سے قبل 7 ہزار 182 نئے مقدمات دائر کیے گئے اور بلوچستان ہائی کورٹ میں زیر التوا مقدمات 4 ہزار 108 ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 2021 میں 7 ہزار 918 مقدمات کا فیصلہ کیا اور 9 ہزار 433 نئے مقدمات قائم کیے گئے اور گزشتہ سال کے آخر تک زیر التوا مقدمات کی تعداد 17ہزار 456 تھی۔ اسی طرح پنجاب کی نچلی عدالتوں نے 29 لاکھ 4 ہزار 745 اور گزشتہ سال 28 لاکھ 26 ہزار 774 نئے مقدمات نمٹائے جبکہ 13 لاکھ 13 ہزار 669 مقدمات زیر التوا رہے۔ سندھ کی ضلعی عدلیہ نے 3 لاکھ 44 ہزار 701 مقدمات کا فیصلہ کیا اور 2021 میں 3لاکھ 46ہزار 109 مقدمات دائر کیے گئے اور 31 دسمبر کو زیر التوا کل مقدمات کی تعداد ایک لاکھ 17ہزار 790 تھی۔ خیبر پختون خوا میں ماتحت عدالتوں نے گزشتہ سال 4 لاکھ 75ہزار 927 مقدمات کا فیصلہ کیا، اسی عرصے کے دوران 5 لاکھ 417 مقدمات قائم کیے گئے اور مجموعی طور پر 2 لاکھ 56 ہزار 873 مقدمات زیر التوا ہیں۔ اسی طرح بلوچستان کی ضلعی عدلیہ نے 59 ہزار 652 اور 59 ہزار 289 مقدمات کا فیصلہ کیا اور زیر سماعت مقدمات کی کْل تعداد 15 ہزار 675 رہی، جبکہ اسلام آباد کی نچلی عدالتوں نے 87 ہزار 661 مقدمات نمٹائے جن میں سے 2021 کے دوران 90 ہزار 292 مقدمات قائم کیے گئے اور مجموعی طور پر 50 ہزار 949 مقدمات زیر التوا ہیں۔ لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق 31 دسمبر 2017 تک دائر کیے گئے 88 ہزار 661 اور 30 اپریل تک ایک لاکھ 30 ہزار 327 پرانے مقدمات بالترتیب ملک کی پانچ اعلیٰ عدالتوں اور ماتحت عدلیہ میں انصاف کی فراہمی کے منتظر تھے۔