پشاور:خیبر پختونخواہ میں پرائمری اسکول اساتذہ اور صوبائی حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد پرائمری اسکولز معمول کے مطابق کھل گئے۔
پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم آج تحریری معاہدے اساتذہ کے حوالے کرے گا جس کے بعد احتجاج ختم کردیا جائے گا جبکہ گرفتار اساتذہ کو بھی آج رہا کیا جائے گا ۔
پرائمری اساتزہ کے 6 اکتوبر کے دھرنا دینے پر تمام مردانہ پرائمری سکولز بھی احتجاج کے طور پر بند کے گئے تھے جن میں گزشتہ رات صوبائی حکومت اور اساتذہ کے مابین 3 گھنٹے تک جاری مذاکرات کے بعد تدریسی عمل شروع ہوگیا۔
صوبائی حکومت نے اساتذہ کے مطالبات کو اصولی طور پر تسلیم کرلیا ہے اور وعدہ کیا ہے کہ پرائمری اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی سفارشات ایک ماہ میں کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔
ڈائریکٹر محکمہ تعلیم نے کہا کہ کمیٹی اساتذہ کے مطالبات اور سفارشات 40 دن کے اندر محکمہ خزانہ کو پیش کرے گی۔
ڈائریکٹرتعلیم حافظ ابراہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرائمری اسکول ٹیچرز کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اوراساتذہ احتجاج ختم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مطالبات کے حل کے لیے 9 رکنی کمیٹی قائم کی گئی جس میں 3 اراکین آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے شامل ہوں گے ۔
واضح رہے کہ اساتذہ گزشتہ 5 دنوں سے سروس اسٹرکچر سمیت دیگر مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج تھے، احتجاج کے پہلے روز اساتذہ پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال بھی کیا گیا تھا۔