لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے سب سے زیادہ دھوکا ملک کے نوجوانوں کو دیا۔ یوتھ کو روزگار دینے کے وعدے کر کے بے روزگار، مستقبل سے مایوس اور ڈپریشن کا مریض بنا دیاگیا۔
منصورہ میں صوبہ پنجاب کے ذمہ داران اور جے آئی یوتھ کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان نوکریوں کے لیے دردر کی ٹھوکریں کھا رہے اور ہزاروں بیرون ملک جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کا اخلاق اور کردار تباہ کرنے کے لیے نت نئے طریقے ایجاد ہو رہے ہیں۔ ایٹمی پاکستان کو عالمی ایجنڈے کے تحت کمزور کرنے کی سازشیں عروج پر،استعمار ملک کی معیشت، معاشرت اور سیاست تباہ کرنے کے درپے ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکومتیں ملک کے تمام مسائل میں برابر کی ذمہ دار ہیں۔ جھوٹ، الزام تراشی کی سیاست سے نوجوانوں کے ذہنوں کو پراگندہ کیا جا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ65فیصد یوتھ رکھنے والے ملک کو اسلحہ سے نہیں تہذیبی یلغار سے کمزور کرنے کی چالیں مغرب کا ایجنڈا ہے، حکمران ان کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ ملک کے نوجوان اسلامی تحریکوں اور پاکستان کے اصل وارث ہیں انھیں عالمی سطح پرمغربی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے آپ کو تیار کرنا ہو گا۔ معاشرتی اقدار کی حفاظت نوجوانوں کی ذمہ داری ہے۔ عوام نے مختلف حکومتوں کو دیکھ لیا اب اسلامی انقلاب کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں۔